ہندوستانی کمپنی میریون بایوٹیک کی کھانسی کی دوا آلودہ ہے: ڈبلیو ایچ او
عالمی ادارہ صحت نے ہندوستانی فارما کمپنی میریون بایوٹیک کی تیار شدہ کھانسی کی دوا کے استعمال پر خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری شدہ بیان میں آیا ہے کہ ہندوستان کے شہر نوئیڈا کی میریون بایوٹیک کمپنی نے کھانسی کے دو سیرپ تیار کئے تھے جو کہ نہ صرف غیر معیاری ہیں بلکہ زہریلے بھی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے اعلان کیا ہے کہ ازبکستان کی وزارت صحت کے قومی لیب میں، کئے جانے والے ٹیسٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ہندوستانی فارما کمپنی کی بنائی گئی دوا معیاری نہیں ہے۔ یہ دوا کیمیاوی مادے، انسانوں کے لئے انتہائی خطرناک قرار دیئے جا چکے ہیں ۔
کھانسی کی یہ ادویات ایمبرونول اور ڈوک ون مییکس نام سے فروخت ہو رہی ہیں ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان دواؤں کے استعمال کے بعد ازبکستان میں اٹھارہ بچے موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ عالمی دباؤ کے بعد، ہندوستان کی اترپردیش کی ریاستی حکومت نے نوئیڈا میں اس کمپنی کے سارے لائسنس نامعلوم مدت کے لئے منسوخ کردیئے ہیں۔