ہندوستان کا چوہترواں یوم جمہوریہ
ہندوستان کا چوہترواں یوم جمہوریہ آج جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کا چوہتریوں یوم جمہوریہ پورے ملک میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ جشن منایا گیا۔
ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب دہلی کے کرتویہ پتھ پر منعقد ہوئی جہاں قومی ترانے کے بعد اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس سال یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی مہمان خصوصی تھے۔
ہندوستان کی صدر مرمو نے مہمان مصری صدر اور ہندوستانی وزیراعظم کی موجودگی میں پریڈ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
پریڈ کا آغاز مصرکے فوجی دستوں کے مارچ پاسٹ کے ساتھ کیا گیا جس کے بعد ہندوستانی فوج کے دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا اس موقع پر بھاری ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی جن میں ارجن ٹینک اور آکاش میزائل سمیت ہندوستان میں تیار شدہ مختلف سامان حرب شامل تھے۔
یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم مودی نے کہا کہ اس سال کا جشن خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہم یہ جشن ملک کی آزادی کے پچہتر سال پورے ہونے پر منا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے متحد ہوکر آگے بڑھیں۔