ہندوستانی مسافر طیارے میں لگی آگ، ہنگامی لینڈنگ پر مجبور
ایئر انڈیا ایکسپریس کے ایک طیارے میں ابو ظہبی سے اڑان بھرتے ہی آگ لگ گئی جس کے باعث اُسے فوراً ایمرجنسی لینڈنگ کے لئے دوبارہ زمین کا رخ کرنا پڑا۔
سحر نیوز/ہندوستان: ایئر انڈیا ایکسپریس کی ابوظہبی - کالیکٹ فلائٹ IX348 کو اس کے بائیں انجن میں آگ لگنے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کرانی پڑی۔ پرواز نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ بتائے جارہے ہیں۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، 'ابوظہبی سے کالی کٹ جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز، انجن میں آگ لگنے کے بعد واپس لوٹی، طیارے نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر محفوظ ہنگامی لینڈنگ کی۔ تمام مسافر محفوظ ہیں۔ اس طیارے میں کل 184 مسافر سوار تھے۔
ہندوستان کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایئر انڈیا ایکسپریس آپریٹنگ فلائٹ B737 (ابو ظہبی-کالیکٹ) میں 1000 فٹ کی بلندی پر چڑھائی کے دوران نمبر 1 کے انجن میں آگ لگ گئی۔ اس کی وجہ سے پرواز کو ابوظہبی ہوائی اڈے پر واپس لوٹنا پڑا۔