Feb ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
  • بی بی سی ڈاکیومینٹری پر پابندی، حکومت سے جواب طلب

ہندوستانی سپریم کورٹ نے بی بی سی ڈاکیومینٹری فلم پر پابندی عائد کرنے کے حکومتی فیصلے پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے اگلی سماعت میں مرکزی حکومت کی جانب سے بی بی سی ڈاکیومینٹری فلم پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے بارے میں پورا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت تین ہفتے میں جواب داخل کرے گی ۔ اگلی سماعت اپریل میں ہوگی۔

سپریم کورٹ نے اس سے پہلے اس معاملے میں سماعت کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ جمعہ کو بی بی سی ڈاکیومینٹری کے معاملے میں، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ بی بی سی ڈاکیومینٹری کی اسکریننگ کے دوران، یونیورسٹیوں کے طلبا کو ایذائیں دی جارہی ہیں اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ وکیل نے کہا کہ طلبا کو یونیورسٹیوں سے نکالنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ مختلف سیاسی سماجی اور قانونی ماہرین اور شخصیات نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر کے، بی بی سی ڈاکیومینٹری پر پابندی کو خودسرانہ اقدام قرار دیا ہے۔

بی بی سی ڈاکیو مینٹری میں، دو ہزار دو کے گجرات کے فرقہ وارانہ فسادات میں، اس وقت کے ریاست کے وزیراعلی اور موجودہ وزیراعظم نریندر مودی کو براہ راست ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

حکومت کے ذریعے ڈاکیومینٹری پر پابندی کے باوجود دہلی سمیت ملک کے مختلف شہروں کی یونیورسٹیوں میں طلبا نے ڈاکیومینٹری کی اسکریننگ کی اور لیپ ٹاپ اور موبائل پر ڈاکیومینٹری دیکھنے کی کوشش کی۔ 

ٹیگس