ہندوستان اور ایران، طاقتور علاقائی حلیف: ہندوستان کے پورٹس اینڈ شپنگ کے وزیر
ہندوستان کے پورٹس اینڈ شپنگ کے مرکزی وزیر سربانندا سونووال نے شمال جنوب ٹرانزٹ کوریڈور کے شعبے میں تہران اور نئی دہلی کو طاقتور علاقائی حلیف قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے اسلامی انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ کے موقع پر، نئی دہلی میں واقع ایران کے سفارتخانے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ہندوستان کے پورٹس اینڈ شپنگ کے وزیر سربانندا سونووال نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے اسلامی انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ کی مبارکباد دی اور ایران اور ہندوستان کو مشترکہ تہذیب، تمدن اور زبان کے مالک ایک گھرانے کے دو رکن قرار دیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جدید دور میں بھی ایران اور ہندوستان کے گہرے تعلقات میں استحکام مزید استحکام آیا ہے۔
ہندوستان کے پورٹس اینڈ شپنگ کے مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ شمال جنوب بین الاقوامی ٹرانزٹ کوریڈور کا مستقبل انتہائی روشن اور چابہار بندرگاہ کا اس ترقیاتی منصوبے میں فیصلہ کن کردار رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والی تقریب میں، نئی دہلی میں تعینات روس، ترکی، اسلوواکیہ، ازبکستان، ترکمنستان، تاجیکستان، بوسنیا اور متعدد دیگر ممالک کے سفرا نے بھی شرکت کی۔