دہلی کی جامع مسجد کو بم سے اڑانے کی فرضی کال پر افراتفری
دہلی کی جامع مسجد کو بم سے اڑانے کی کال پر افراتفری مچ گئی ۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے قدیمی علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد میں بدھ کی دوپہر اس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا، جب پولیس کنٹرول روم میں ایک شخص نے کال کرکے کہا کہ مسجد میں بم رکھا ہوا ہے۔ پولیس کنٹرول روم میں آئی کال کے بعد فوری مقامی پولیس، ڈاگ اسکواڈ، بم اسکواڈ، فائر اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ سمیت تمام دیگر متعلقہ ایجنسیوں کی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔
طلاعات کے مطابق مسجد کو خالی کرا کر تحقیقات شروع کی گئیں تاہم تقریبا دو گھنٹے کے بعد پولیس نے اس کال کو فرضی قرار دیا۔ اس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ فی الحال جامع مسجد تھانہ پولیس کال کرنے والے شخص کی تلاش میں مصروف ہے۔
پولیس کی معلومات کے مطابق دوپہر تقریباً 1:30 بجے کنٹرول روم کو جامع مسجد میں بم رکھے جانے کی کال موصول ہوئی۔ اس دوران نمازیوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد مسجد میں موجود تھی ۔ ایسے میں احتیاطی تدابیر کے طور پر بڑی تعداد میں پولس فورس کو موقع پر بلایا گیا اور آس پاس کے علاقے کو خالی کرانے کے بعد بم اسکواڈ کی ٹیم نے جگہ جگہ تلاشی شروع کردی۔