Feb ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں جمہوریت کو ختم اور ملک کو توڑنے کی سازش ہو رہی ہے: کانگریس کا دعوی

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے صدر نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر سخت حملے کرتے ہوئے متحدہ ترقی پسند اتحاد، یو پی اے میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے سنیچر کو رائے پور میں پارٹی کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ان کی جماعت آئندہ پارلیمانی الیکشن سے پہلے بی جے پی اور آر ایس ایس سے لڑنے کے لئے تیار دیگر جماعتوں کو بھی یو پی اے میں شامل کرسکتی ہے۔ 
انھوں نے کہا کہ دو ہزار چار سے دو ہزار چودہ تک کانگریس پارٹی کی قیادت میں کئی جماعتوں کے اتحاد یو پی اے نے بہت کامیابی کے ساتھ مرکز میں حکومت چلائی جس کی قیادت انتہائی ایمان دار شخصیت ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کی ۔ 
کانگریس صدر نے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت اور فرقہ وارانہ یکجہتی کو ختم کرکے ملک توڑنے کی سازش پر عمل کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے خلاف جاری اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ 
انھوں نے کہا کہ آج ملک کو خدمت ، جدوجہد اور قربانیوں کی ضرورت ہے۔
ملک ارجن کھڑگے نے مودی حکومت پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک انتہائی سخت دور سے گزر رہا ہے، اقتدار میں موجود لوگ ہندوستانی اقدار پر حملہ کررہے ہیں۔
انھوں نے بی جے پی حکومت پر آئینی اداروں کے اختیارات پر تجاوز کا الزام لگایا۔
کانگریس صدر نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر نفرت کی سیاست کرنے اور ملک کے سماجی حالات کو خراب کرنے اور اپوزیشن کو دبانے کے لئے ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، ای ڈی اور مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی اور انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ سمیت، مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔ 
انھوں نے کہا کہ اس صورتحال کے مقابلے کے لئے نئی تحریک کی ضرورت ہے اور سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سب ڈٹ گئے تو کامیابی یقینی ہے ۔

ٹیگس