جی-20 کی سربراہی، عالمی برادری کی تعمیر و ترقی کی جانب ایک قدم
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے کئی ترقی پذیر اور غریب ممالک، امیر ممالک کی وجہ سے گلوبل وارمنگ (global warming) سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔
سحر نیوز/ ہندوستان: جی- 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ ہندوستان کی G20 صدارت عالمی برادری کو امن و امان اور تعمیر و ترقی کی آواز دینے کی طرف ایک پہل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی اپنے فیصلوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں کو سنے بغیر عالمی قیادت کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔
نریندرمودی نے کہا کہ مالیاتی بحران، موسمیاتی تبدیلی، وبائی بیماری، دہشت گردی اور جنگیں واضح طور پر ظاہر کرتی ہیں کہ عالمی گورننس عالمی جنگ کے بعد کے عالمی طرز حکمرانی کے مقاصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کئی ترقی پذیر ممالک اپنے شہریوں کے لیے خوراک اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش میں مصروف عمل ہیں۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے کئی ترقی پذیر اور غریب ممالک، امیر ممالک کی وجہ سے گلوبل وارمنگ (global warming) سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا چاہیے کہ ان ناکامیوں کے المناک نتائج سب سے زیادہ ترقی پذیر ممالک کو بھگتنا پڑ رہے ہیں ۔ برسوں کی ترقی کے بعد ہم آج پائیدار ترقی کے اہداف پر پیچھے ہٹنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔