Mar ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی نے بیرون ملک ہندوستانیوں کی عزت کو ٹھیس نہیں پہنچائی

کانگریس کے صدر نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بیرون ملک ہندوستانیوں کی عزت کو ٹھیس نہیں پہنچائی، بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایسا خود کیا ہے جس کے لئے انہیں ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نیندر مودی نے امریکہ، جنوبی کوریا اور کئی دوسرے ممالک کے دوروں کے دوران ہندوستانیوں کی توہین کی ہے، اس لئے ان کو ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند کیا ہے، اس لیے راہل گاندھی کے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

کانگریس صدر نے کہا کہ مودی خود چھے سات ممالک میں گئے اور غیر ملکی سرزمین پر کہا ہے کہ 'ہندوستان کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے کیا گناہ کیا کہ ہم ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ بیرون ملک جاکر ایسا کہنے والا شخص ہمیں غدار کہہ رہا ہے۔

راہل گاندھی کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ جے پی نڈا نے جو کچھ کہا ہے ، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس نے آزادی کی جنگ لڑی ہے جبکہ بی جے پی کا اس میں کوئی رول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے جدوجہد آزادی میں ایک ذرہ بھی اپنا حصہ نہیں ڈالا وہی اصل غدار ہیں۔ انہوں نے کہا خطرناک حد تک بے روزگاری، کمر توڑ مہنگائی اور بیسٹ فرینڈ کے گھوٹالے کو چھپانے کے لیے بی جے پی یہ سب کر رہی ہے، تاکہ ان سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے۔
راہل گاندھی کو سچا محب وطن قرار دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ راہل گاندھی کو پارلیمنٹ میں بولنے کا موقع ملا تو ہم بی جے پی کے ان الزامات کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

ٹیگس