Mar ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستانی پنجاب میں علیحدگی پسندوں کے خلاف آپریشن، 100 سے زیادہ افراد گرفتار

ہندوستان کے صوبہ پنجاب میں ایک علیحدگی پسند لیڈر کی گرفتاری کے لئے علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرکے آپریشن جاری ہے، 120 افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے علیحدگی پسند سکھ لیڈر امرت پال سنگھ کی گرفتاری کےلئے آپریشن شروع کر دیا ہے اور آج اس آپریشن کا دوسرا دن ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ امرت پال سنگھ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک پولیس اسٹیشن پر دھاوا بول دیا تھا جہاں پر اس کے ایک ساتھی کو رکھا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران پنجاب پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب تک 120افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امرت پال سنگھ کے گاؤں جلپور کھیرا میں پولیس کی بھاری نفری تعنیات ہے اور امرت پال سنگھ کی گرفتاری کےلئے گھر گھر تلاشی جاری ہے، پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔

مقامی ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق علاقے میں پیر کے دن تک انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل رہے گی۔یاد رہے کہ ہندوستان کے صوبہ پنجاب میں اس سے پہلے بھی سکھ علیحدگی پسندوں کے خلاف کئی مرتبہ آپریشن کئے جا چکےہیں۔

ٹیگس