جاپانی وزیراعظم کا دورہ ہندوستان
جاپانی وزیراعظم کے دورہ ہندوستان میں دونوں ملکوں نے مختلف دفاعی اور اقتصادی میدانوں میں تعاون کے متعدد معاہدے کئے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان:جاپان کے وزیراعظم فومیوکیشیدا نے اپنے دورہ ہندوستان میں پیر کو نئی دہلی میں واقع حیدرآباد ہاؤس میں ہندوستان کے وزیراعظم سے ملاقات میں دوطرفہ اور اہم علاقائی و عالمی مسائل پر بات چیت کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں نے مختلف دفاعی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے۔
ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں اور کئی اہم معاملات پر بات چیت ہوئی۔ انہو نے کہا کہ لاجیسٹک ، اسٹیل اور ایم ایس ایم ای جیسے کئی شعبوں میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں توسیع کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران جاپانی وزیراعظم سے کئی بار ملاقات کی اور میں نے محسوس کیا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ جاپانی وزیراعظم کیشیدا نے بھی ہندوستان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہندوستانی وزیراعظم کو گروپ سیون کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔