Mar ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی کی رکنیت ختم کئے جانے کے خلاف ہندوستان میں کانگریسیوں کے مظاہرے

ہندوستان بھر میں راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کئے جانے کے بعد پورے ہندوستان میں مظاہرے کئے گئے ہیں ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی سمیت پورے ہندوستان میں یوتھ کانگریس نے راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کئے جانے کے خلاف مظاہرے کئے ہیں ۔ 
رپورٹوں کے مطابق دہلی میں کئے گئے مظاہروں میں یوتھ کانگریس کے اراکین، اپنے ہاتھوں میں کانگریس پارٹی کے پرچم کے ساتھ راہل گاندھی کی تصویریں بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس تک جانا جاہتے تھے لیکن پولیس نے راستے میں انہیں روک لیا اور بہت سے مظاہرین کو گرفتار کرلیا ۔ 
رپورٹوں کے مطابق سنیچر کو ریاست یوپی کے دارالحکومت لکھنؤ اور بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں انجام پانے والے مظاہروں میں دسیوں ہزار لوگوں نے شرکت کی ۔ 
ریاست مدھیہ پردیش میں بھی کانگریس کے کارکنوں اور حامیوں نے راہل گاندھی کی حکومت میں ریلی نکالی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی 
ہندوستان کی شمالی اورجنوبی سبھی ریاستوں کے دارالحکومتوں میں یوتھ کانگریس کے مظاہروں کا سلسلہ جمعے کو شروع ہوا اور سنیچر کو بھی جاری رہا۔ 
کیرالا کے علاقے وائناڈ میں بھی جہاں سے راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کا الیکشن جیتا تھا، ہزاروں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر راہل گاندھی کی حمایت میں نعرے لگائے۔ 
ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں بھی بڑی تعداد میں کانگریسی کارکنوں نے راہل گاندھی کے خلاف کارروائی کی مذمت میں احتجاجی مظاہرہ کیا 
ہندوستان بھر میں ہونے والے مظاہروں میں یوتھ کانگریس کے اراکین نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اڈانی کے خلاف بھی نعرے لگائے ۔ 
اس کے علاوہ حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی راہل گاندھی کی رکنیت ختم  کئے جانے کو قابل مذمت قرار دیا ۔
یاد رہے کہ ریاست گجرات کی شہر سورت کی ایک عدالت نے جمعرات کو ہتک عزت کے ایک مقدمے میں راہل گاندھی کو دوسال قید کی سزا سنائی ۔ عدالت نے راہل گاندھی کو فوری عبوری ضمانت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فیصلے کے خلاف تیس دن کے اندر اعلی عدالت میں اپیل کی جاسکتی ہے۔ 
 اس کے ایک دن بعد ہی  ہندوستانی پارلیمنٹ نے جمعے کو راہل گاندھی کی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کردیا جس نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔

ٹیگس