Mar ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی کی رکنیت کی منسوخی کے خلاف پورے ہندوستان میں کانگریس کے مظاہرے اور دھرنا

ہندوستانی کانگریس پارٹی کے مرکزی رہنما راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کئے جانے کے خلاف کانگریس پارٹی نے اتوار کو پورے ملک میں احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: پارلیمنٹ سے کانگریسی رہنما راہل گاندھی کی رکنیت ختم کئے جانے کے فیصلے کے خلاف کانگریس کے کارکنوں اور رہنماؤں کا ملک گیراحتجاج جاری ہے اور اتوار کو بھی کانگریس پارٹی نے پورے ہندوستان میں احتجاج اور ایک دن کا دھرنا دیا۔
کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت سینیئر کانگریسی رہنماؤں نے دہلی میں راج گھاٹ پر صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک دھرنا دیا دہلی کے ساتھ ہندوستان کی سبھی ریاستوں کے دارالحکومتوں میں کانگریس پارٹی کے دفاتر کے باہر کارکنوں نے دھرنا دے ک راہل گاندھی سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
دہلی میں راج گھاٹ پر کانگریسی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکاگاندھی نے وزیراعظم مودی پر شدید زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کوسچ بولنے کی وجہ سے پارلیمنٹ کی رکنیت سے محروم کیا گیا انہوں نے کہا کہ مودی بقول ان کے بزدل ہیں پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہم ملک کے لئے لڑتے رہیں گے ہم جیل جانے کے لئے تیار ہیں جتنا مقدمہ بنانا چاہو بنالو۔
واضح رہے کہ جمعرت کو ریاست گجرات کے شہر سورت کی عدالت نے کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی کو مودی سر نیم کی مبینہ طور پر ہتک عزت کے ایک مقدمے میں دوسال قید کی سزا سنائی تھی جس کے اگلے ہی دن پارلیمنٹ کے سکریٹریٹ نے ان کی رکنیت منسوخ کردی اور آئندہ آٹھ سال تک کے لئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے سے نااہل قرار دے دیا۔
سورت کی عدالت نے قید کی سزا سناتے ہوئے راہل گاندھی کو تیس دن کی ضمانت بھی دے دی اور کہا کہ وہ اعلی عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں ۔ نااہل قرار دئے جانے کے بعد اپنے پہلے ردعمل میں راہل گاندھی نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں رہیں یا نہ رہیں ملک کے لئے لڑتے رہیں گے اور اس کے لئے انہیں جو بھی قیمت ادا کرنا ہوگی وہ ادا کریں گے۔

ٹیگس