Mar ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • سرکاری بنگلہ قانونی مدت میں خالی کردیں گے: راہل گاندھی

کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے پارلیمنٹ سیکریٹریٹ کو یقین دلایا ہے کہ وہ قانونی مدت کے اندر سرکاری بنگلہ خالی کردیں گے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: راہل گاندھی نے پارلیمنٹ سیکریٹریٹ کے نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ وہ وقت پر سرکاری بنگلہ خالی کردیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ اپنے حقوق اور قانونی فرائض سے واقف ہیں اور بنگلہ خالی کرنے کے لئے جو نوٹس ملا ہے ، اس پر عمل کریں گے۔

قابل ذکرہے کہ گاندھی ریاست کیرالا کے علاقے وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے لیکن گزشتہ ہفتے سورت کی ایک عدالت نے انہیں ہتک عزت کے ایک مقدمے میں دو سال قید کی سزا سنادی جس کے دوسرے ہی دن پارلیمنٹ سیکریٹریٹ نے ان کی رکنیت ختم ہونے کا نوٹس بھی جاری کردیا ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ عدالت نے راہل گاندھی کو فوری طور پر ضمانت دیتے ہوئے فیصلے کے خلاف اعلی عدالت سے رجوع کرنے کے لئے تیس دن کی مہلت دی ہے۔ کانگریس پارٹی نے راہل گاندھی کی رکنیت ختم کئے جانے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کے سیکریٹریٹ نے پیر کو راہل گاندھی کو سرکاری بنگلہ خالی کردینے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ پارلیمنٹ سیکریٹریٹ نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد اب وہ رکن پارلیمنٹ نہیں رہے لہذا انہیں سرکاری بنگلہ بائیس اپریل تک خالی کردینا ہوگا۔

ٹیگس