Mar ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان، پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں کارروائی بدستور تعطل کا شکار

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں معمول کی کارروائی منگل کو بھی تعطل کا شکار رہی ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی پارلیمنٹ میں منگل کو بھی معمول کی کارروائی ہنگاموں کی نذر ہوگئی اور کوئی کام نہ ہوسکا۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں منگل کو کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین نے ایوان کے وسط میں جاکر نعرے بازی شروع کردی ۔ اسی کے ساتھ حکمراں اتحاد کے اراکین نے بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی کے خلاف نعرے بازی اور ہنگامہ شروع کردیا ۔ حکمراں جماعت اور حزب اختلاف کے درمیان نعرے بازی کا تبادلہ اور ہنگامہ بڑھنے کے بعد کارروائی پہلے دو بجے دن تک کے لئے اور پھر پورے دن کے لئے ملتوی کردی گئی ۔

ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس پارٹی اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے اڈانی گروپ کی تحقیقات کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا مطالبہ دوہرایا ۔ جواب میں حکمراں اتحاد کے اراکین نے راہل گاندھی کے خلاف الزامات کا اعادہ کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی ۔ دو طرفہ نعرے بازی میں شدت کے نتیجے میں راجیہ سبھا کی کارروائی بھی معمول کے مطابق نہ چل سکی اور پورے دن تعطل کا شکار رہی۔

ٹیگس