Mar ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • کانگریس نے جمہوریت بچانے کے لئے مہا ستیہ گرہ کا اعلان کردیا

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے جمہوریت کو بچانے کے لئے مہا ستیہ گرہ کا اعلان کردیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے میڈیا انچارج جے رام رمیش اور تنظیمی جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں مہا دھرنے کا اعلان کیا ۔

کانگریسی رہنماؤں نے کہا کہ بقول ان کے مودی حکومت جمہوریت کو کچلنے کے لئے کام کررہی ہے اور کانگریس پارٹی جمہوریت کو بچانے کے لئے لڑے گی ۔ کانگریسی رہنماؤں نے کہا کہ بی جے پی حکومت آئینی اداروں اور جمہوریت کو قتل کررہی ہے اور اس بارے میں سوال کیا جائے تو سوال کرنے والوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اس کے لئے کانگریس پارٹی نے آئینی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے عنوان سے ایک مہینے تک قومی، ریاستی اور بلاک کی سطح پر مہا دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

کانگریس پارٹی کے میڈیا انچارج جے رام رمیش اور تنظیمی جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال نے بتایا کہ ایک مہینے تک چلنے والی مہا ستیہ گرہ کے دوران عوام کو بقول ان کے حکومت کی جمہوریت مخالف پالیسیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری طرف عام آدمی پارٹی نے تیس مارچ کو ملک کی گیارہ زبانوں میں مودی ہٹاؤ، دیش بچاؤ کے پوسٹر لگانے کا اعلان کیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے دہلی ریاست کے کنوینر گوپال رائے نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اڈانی کے معاملے میں بحث اور جانچ سے بھاگنے کی کوشش کررہی ہے اور اپوزیشن کی آواز کو دبا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں صرف حزب اختلاف ہی نہیں بلکہ ملک کے عوام محسوس کرنے لگے ہیں کہ ہندوستان کے حالات بہت خطرناک صورتحال کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

ٹیگس