Apr ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۲:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اتر پردیش میں مکھّیوں کا قہر، دُلہنیں سُسرال چھوڑ کر بھاگنے لگیں

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ایک علاقے میں مکھیوں نے قہر برپا کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کی شادیاں ٹوٹنے لگی ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست اترپردیش کے ہردوئی ضلعے میں مکھیوں نے لوگوں جینا دوبھر کر دیا ہے اور لوگ ذہنی کشیدگی جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔ ضلعے کے کئی گاؤوں کے لوگوں کے لئے مکھیوں کا وجود ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ مکھیوں نے لوگوں کا ناک میں دم کر رکھا ہے اور دُلہنیں اب یہاں اپنی سسرال  سے بھاگ جانے میں ہی اپنی عافیت سمجھ رہی ہیں۔

ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ مکھیوں کی وجہ سے علاقے کے لوگ بیمار بھی ہو رہے ہیں کیونکہ مکھیوں نے اکثر گھروں میں ڈیرا ڈال رکھا ہے اور وہ سوتے بچّوں، کھانے کے برتنوں اور کھانے پینے کی اشیا پر بھی بیٹھ جاتی ہیں۔ ضلع ہردوئی کے کئی گاؤں اس عجیب و غریب مسئلے سے پریشان ہیں اور مقامی لوگ بتاتے ہیں کہ ان کے لئے مکھیاں کئی سال سے ناقابل حل مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مکھیوں کا خطرہ اس حد تک ہے کہ دن کے وقت بھی لوگ مچھر دانی کا استعمال کر کے اپنے روزمرہ کے کام انجام دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سنگین مسئلے سے پریشان ہو کر کسانوں نے کئی بار احتجاج کیا ہے اور سڑکیں بھی بلاک کی ہیں۔ حتیٰ کہ بعض لوگ مکھیوں کے قہر سے نجات پانے کے لئے جیل بھی جا چکے ہیں۔ مقامی لوگ مکھیوں کی بڑی وجہ علاقے میں بنائے گئے پولٹری فارم اور ان کی گندگی کو بتاتے ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو کئی بار اس مسئلہ سے آگاہ کیا گیا ہے لیکن ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ پولٹری فارم والے مُردہ مُرغیوں اور ان کی گندگی کو کُھلے میں پھینک دیتے ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں مکھیاں پیدا ہو رہی ہیں اور یہ کہ علاقے کے آدھا درجن سے زیادہ گاؤوں کے لوگ اس مسئلے سے متاثر ہیں۔

دوسری طرف انتظامیہ سے وابستہ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مکھیوں کا مسئلہ ان کے علم میں ہے، مسئلے کے حل کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ حکام نے بتایا کہ علاقے کا معائنہ کر لیا گیا ہے اور یہ مسئلہ جلد ہی حل کرلیا جائے گا۔

ٹیگس