آزاد تجارت کے سمجھوتے کے بارے میں ہندوستان اور روس کے مذاکرات
ہندوستان اور روس اپنے تعلقات کی تقویت کے لئے آزاد تجارت کے سمجھوتے کے بارے میں مذاکرات کر رہے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق روس کے نائب وزیراعظم اور وزیر تجارت ڈینیس مانتو روف نے کہا ہے کہ ہندوستان اور روس، آزاد تجارت کے سمجھوتے ایف ٹی اے، کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں ۔ انھوں نے دہلی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دوسرے کی منڈیوں کی ضروریات کی پیداوار پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور یوریشیا اقتصادی کمیشن کے ہمراہ ہندوستان کے ساتھ آزاد تجارت کے سمجھوتے کے خواہاں ہیں۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی کہا ہے کہ یہ سمجھوتہ ہمارے تجارتی تعلقات میں اہم ترین تبدیلی کا باعث بنے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی معیشت روسی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکتی ہے اور نئی دہلی، اس راہ میں پائے جانے والے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ہندوستان اور روس کے درمیان آزاد تجارت کے سمجھوتے پر مذاکرات، ان کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کی نشاندہی کرتے ہیں اور یہ تعلقات ایسی حالت میں فروغ پا رہے ہیں کہ یوکرین کی جنگ کے بعد مغربی ملکوں نے ہندوستان سے روس سے دوری اختیار کرنے کی بارہا درخواست کی ہے جبکہ اس دوران روس سے تیل کی ہندوستانی درآمدات میں چار گنا سے زائد اضافہ ہوا ہے اور یہ درآمدات گذشتہ مالی سال میں چھیالیس اعشاریہ تین تین ارب ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ ہندوستان کے ساتھ تجارت کو بہتر بنانے کی روس کی کوشش مغربی پابندیوں کے دباؤ سے باہر نکلنے کی روسی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تناظر میں وہ چین کے ساتھ بھی تجارت کو فروغ دے رہا ہے۔