ستیہ پال کے انکشاف پر مودی حکومت کی خاموشی حیرت انگیز: کانگریس
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے پلوامہ حملے سے متعلق اسے ملک کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے انکشافات پر مودی حکومت کی خاموشی کو انتہائی حیرت انگیز بتایا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے شعبہ مواصلات کے سربراہ پون کھیڑا نے پارٹی کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پلوامہ حملے کے بارے میں ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے انکشافات بہت حیرت انگیز ہیں لیکن ان سے بھی زیادہ حیرت انگیز وزیر اعظم مودی کی خاموشی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ مسٹر ستیہ پال ملک نے پلوامہ حملے کے تعلق سے اتنا بڑا انکشاف کیا اور ہم وطنوں کو توقع تھی کہ اس پر حکومت کی طرف سے کوئی ردعمل ضرور آئے گا لیکن حیرت ہے کہ مودی حکومت نے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ اتنے بڑے انکشاف کے بعد حیرت ہے کہ مسٹر ملک کے پیچھے سی بی آئی کو چھوڑنے میں دس دن کیسے لگ گئے ؟
واضح رہے کہ ہندوستان کے مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے مسٹر ستیہ پال ملک کو پلوامہ انکشافات پر طلب کرلیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے شعبہ مواصلات کے سربراہ پون کھیڑا نے کہا کہ مسٹر ملک نے اپنے انکشافات میں واضح طور پر کہا ہے کہ یہ حملہ انٹیلیجنس کی ناکامی اور سیکورٹی کی خرابی کی وجہ سے ہوا ہے ۔ کانگریسی رہنما پون کھیڑا نے کہا کہ اس حکومت نے اپنے گزشتہ نو برس میں جس طرح کی پالیسیاں بنائی ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ بہت سی چیزیں ہیں جنہیں حکومت چھپانا چاہتی ہے لیکن اب بہت سے لوگ کھل کر سامنے آرہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ باتیں بتائی جائیں ۔