Apr ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • خاتون پہلوانوں کا دھرنا ، پرینکا گاندھی بھی حمایت میں

ہندوستان کی کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کی نامور کھیل ہستیاں، خواتین پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کے خلاف طویل عرصے سے احتجاج کر رہی ہیں، لیکن حکومت شکایات پر دھیان دینے کے بجائے ان کی آواز کو دبانے کا کام کر رہی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہندوستانی کھلاڑی، ملک کا فخر ہیں چونکہ جب وہ تمام تر مشکلات کے باوجود انتھک محنت اور بہت کچھ برداشت کرنے کے بعد تمغے جیتتے ہیں تو ان کی جیت میں ہماری جیت ہوتی ہے اور ملک مسکراتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی جیت بقیہ لوگوں سے بڑی ہوتی ہے۔ وہ ملک کی پارلیمنٹ کے ساتھ والی سڑک پر آنکھوں میں آنسو لئے بیٹھی ہیں۔ طویل عرصے سے جاری استحصال کے خلاف ان کی شکایت کو، کوئی نہیں سن رہا ہے۔ مضبوط بازوؤں لیکن معصوم دلوں والی ان لڑکیوں نے یقین کیا، جب حکومت نے ان سے کہا تھا کہ جانچ ہوگی۔ لیکن نہیں ہوئی۔ سزا کا سوال ہی پیدا نہیں ہوا۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت مجرموں کو بچانا چاہتی ہے؟
پرینکا گاندھی نے کھلاڑیوں کی شکایت نہ سننے پر دہلی پولیس سے بھی سوال کیا اور پوچھا کہ دہلی پولیس پر کس کا دباؤ ہے۔ کیوں اسی پولیس کی جانب سے اپوزیشن لیڈروں پر بھارت جوڑو یاترا کے دوران کسی لڑکی کا درد سننے پر پوچھ گچھ کی جاتی ہے، لیکن ملک کا وقار بڑھانے والی کھلاڑیوں کی فریاد کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے؟
انہوں نے کسی پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ جب کسی پارٹی اور اس کے لیڈروں کا غرور، آسمان کو چھوتا ہے تو ایسی آوازوں کو کچل دیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئیے اپنی ان بہنوں کا ساتھ دیں۔ یہ ملک کی عزت کا معاملہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ خواتین پہلوانوں نے انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ بریج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے اور دہلی کے جنتر منتر پر یہ خواتین کھلاڑی احتجاج کر رہی ہیں۔

ٹیگس