من کی بات میں اٹھائے گئے مسائل عوامی تحریک بن گئے
May ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
ہندوستان کے وزیر اعظم نے دعوی کیا ہے کہ ان کے من کی بات میں اٹھائے گئے مسائل عوامی تحریک بن گئے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان:ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات کے تازہ ایڈیشن میں کہا ہے کہ انھوں نے اس پروگرام میں جومسائل اٹھائے وہ عوامی تحریک بن کے، ان کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی لائے ہیں۔
انھوں نے من کی بات پروگرام کے، سو ویں ایڈیشن میں کہا کہ انھوں نے اپنے اس پروگرام میں عوام سے جڑے مسائل اٹھائے ہیں۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نے دعوی کیا کہ بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ کی بات ہو، صاف ستھرے بھارت کی بات ہو، کھادی کے تئیں پیار کی بات ہو، فطرت کی بات ہو یا آزادی کے امرت مہوتسوکی بات ہو، انھوں نے من کی بات میں، جو موضوع بھی اٹھایا وہ سب عوامی تحریک بن گئے۔ انھوں نے کہا کہ من کی بات پروگرام کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس نے کئی عوامی تحریکوں کو جنم دیا ہے۔
یاد رہے کہ من کی بات ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام کا نام ہے جس میں وہ بقول خود، عوام کے مسائل اور عوام کے من کی بات کرتے ہیں لیکن اپوزیشن کا الزام ہے کہ وہ اس پروگرام میں عوام کے من کی بات کم اور اپنے من کی بات زیادہ کرتے ہیں ۔