May ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے کریری بارہ مولہ علاقے میں ہندوستانی فوجیوں نے دو مقامی مسلح عناصر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سحر نیوز /ہندوستان: سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئے کے مطابق پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے کریری علاقے میں رات گئے جنگجووں کے چھپے ہونے کی اطلاع کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خود کو فورسز کے گھیرے میں پا کر جنگجووں نے اُن پر اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے انکی اس کوشش کو ناکام بنایا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو مسلح عناصر مارے گئے ۔انہوں نےیہ بھی دعویٰ کیا کہ تصادم کی جگہ سے اسلحہ، گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

اس حوالے سے کشمیر پولیس کے اعلیٰ عہدے دار وجے کمار نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے کریری بارہ مولہ میں جمعرات علیٰ الصبح سیکورٹی فورسز اور مسلح عناصر کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو مقامی مسلح افراد مارے گئے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مہلوکین نے رواں سال مارچ کے مہینے میں لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ٹیگس