May ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • دہلی جنتر منتر پر خاتون پہلوانوں کا احتجاجی دھرنا بدستور جاری

دہلی میں جنتر منتر پر خاتون پہلوانوں کا احتجاجی دھرنا بدستور جاری ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جنتر منتر پر خاتون ریسلروں اور ان کےحامیوں کا احتجاجی دھرنا حکومت کی تمام تر سختیوں کے باوجود جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسانوں کا ایک گروپ پیر کو بھی احتجاج کرنے والی خاتون ریسلروں سے اظہار یکجہتی کے لئے جنتر منتر پہنچا۔
بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے سنیکت کسان مورچہ کی اس اپیل کے بعد کہ یہ " بیٹیوں کا معاملہ ہے' پنجاب اور ہریانہ سمیت مختلف ریاستوں سے بہت بڑی تعداد میں کسان دہلی کی جانب روانہ ہوئے ہیں ۔
بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دہلی کی سرحدوں پر پولیس نے کسانوں کو روکنے کی کوشش کی اور بہت سے کسانوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی لیکن کسانوں کا ریلہ سبھی رکاوٹیں توڑ کر دہلی میں جنتر منتر تک پہنچ رہا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پیر کو صبح سے ہی کسان، خاتون ریسلروں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے جنتر منتر پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ ہندوستان کی خاتون ریسلر، کشتی فیڈریشن کے صدر کے خلاف جنتر منتر پر دھرنے پر بیٹھی ہوئی ہیں ۔ دھرنے پر بیٹھی خاتون ریسلر کشتی فیڈریشن کے صدر پر جن کا تعلق حکمراں بی جے پی سے ہے، سنگین الزامات لگاتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کررہی ہیں۔
گزشتہ دنوں پولیس نے دھرنا ختم کرانے کے لئے لاٹھی چارج بھی کیا تھا لیکن دھرنا ختم کرانے میں ناکام رہی تھی۔
پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد مختلف تنظیموں اور یونینوں کی طرف سے خاتون ریسلروں کی حمایت بڑھ گئی ہے۔

 

ٹیگس