کرناٹک الیکشن کے نتائج، کانگریس نے میدان مار لیا
ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے ۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کرناٹک کے اسمبلی انتخابات کے اب تک رجحانات میں کانگریس نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کو پچھاڑتے ہوئے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے - دوسوچوبیس کے ایوان میں کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لئے ایک سوتیرہ نشستیں درکارہوتی ہیں جبکہ کانگریس نے ایک سو پینتیس سے زائد نشستوں پر سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کو چونسٹھ سیٹیوں پر ہی برتری حاصل ہے۔ ریاست کی تیسری بڑی جماعت جنتادل ایس نے بیس سیٹوں پر سبقت حاصل کی ہے ۔
کرناٹک اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس دونوں نے ہی اپنی پوری طاقت لگادی تھی ۔ وزیراعظم مودی نے بہت سی ریلیاں اور روڈ شو کئے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے مذہبی جذبات کو بھی ابھارنے کی بھرپور کوشش کی گئی لیکن عوام نے اس بار کانگریس کے وعدوں پر بھروسہ کیا اور اسے واضح اکثریت سے حکومت میں لانے کا فیصلہ کیا -
کانگریس پارٹی کے نومنتخب اراکین اسمبلی کااجلاس کل اتوار کو بنگلورو میں ہوگا جہاں ایوان کا لیڈر منتخب کیا جائے گا ۔ حالیہ برسوں میں کرناٹک میں طالبات کے حجاب پر پابندی اور مسلمانوں کا کوٹہ ختم کئے جانے جیسے مسائل کافی سرخیوں میں رہے ہیں تاہم یہ موضوعات بھی بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں نہیں لاسکے۔