May ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں طالبان کا نیا ناظم الامور

افغانستان کی طالبان انتظامیہ نے ہندوستان میں اپنا ناظم الامور معین کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ سہیل شاہین نے پیر کے روز کہا ہے کہ ہندوستان میں افغان سفارت خانے کے ایک سابق کارکن قادر شاہ کو ناظم الامور کی حیثیت سے معین کر دیا گیا۔ اس سے قبل قادر شاہ افغانستان کی قومی سلامتی کے ترجمان تھے۔

ہندوستان کی حکومت نے اب تک اس بارے میں کسی قسم کا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے تاہم بعض ذرائ‏ع ابلاغ نے افغانستان کے ایک سابق  سفارتکار کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ ہندوستان کی حکومت نے نئی دہلی میں افغانستان کا سفارت خانہ طالبان کے حوالے کر دیا ہے۔

ان ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ ہندوستان کی حکومت نے قادر شاہ کی دہلی میں افغانستان کے سفارت خانے کے نگران سربراہ کی حیثیت سے تقرری پر رضامندی ظاہر کر دی ہے ۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر ملکوں میں افغانستان کے سفارت خانے اب بھی افغانستان کی سابق حکومت کے سفارتکاروں کے اختیار میں ہیں۔

ٹیگس