May ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۲:۵۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مدھیہ پردیش حکومت کے اقدام سے عازمین حج اور مسلم تنظیمیں سخت ناراض

ہندوستان میں مدھیہ پردیش حکومت کی طرف سے خادم الحجاج کے لئے بجٹ جاری نہ کئے جانے کی بنا پر عازمین حج اور مسلم تنظیمیں ناراض ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا میں جو رپورٹیں آئی ہیں ان کے مطابق ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ حکومت نے خادم الحجاج کے لئے بجٹ جاری نہیں کیا ہے جس کے سبب خادم الحجاج کو سفر حج پر بھیجنے کا معاملہ التوا میں پڑا ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش کے عازمین حج کی پرواز 4 جون سے متوقع ہے جبکہ ملک کے عازمین حج کی پرواز 21 مئی سے شروع ہونے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن ریاست کی شیوراج سنگھ حکومت نے بجٹ جاری نہیں کیا ہے لہٰذا خادم الحجاج کو حج پر بھیجنے کا معاملہ التوا میں پڑا ہوا ہے نیز حکومت کا یہ اقدام عازمین حج اور مسلم تنظیموں کی سخت ناراضگی کا سبب بنا ہے۔

بھوپال سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق خادم الحجاج کو حج پر بھیجنے کے سلسلے میں آل انڈیا حج ویلفیئر سو سائٹی اور دوسری تنظیمیں اسٹیٹ حج کمیٹی کو کئی بار میمورینڈم پیش کرچکی ہیں اور اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعہ بھی اس سلسلے میں کئی بار محکمۂ اقلیتی فلاح و بہبود کو خط لکھا جا چکا ہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ بتایا جاتا ہے کہ شیوراج سنگھ حکومت کی عدم توجہی سے نہ صرف عازمین حج بلکہ مسلم تنظیمیں بھی سخت ناراض ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق آل انڈیا حج  ویلفیئر سوسائٹی کے صدر محمد توفیق نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ افسوس کہ حج کمیٹی کے ذریعہ متعدد بار خط بھیجنے کے بعد بھی شیوراج سنگھ حکومت کی طرف سے خادم الحجاج کے لئے بجٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خادم الحجاج کو بھیجنے میں جو پیسہ خرچ ہوتا ہے اس کا نصف حصہ مرکزی حج کمیٹی ادا کرتی ہے اور نصف حصہ اسٹیٹ حج کمیٹی کو صوبائی حکومت بجٹ کے طور پر دیتی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی اس سلسلے میں اپنا بجٹ مدھیہ پردیش کو جاری کر چکی ہے لیکن اسٹیٹ حج کمیٹی کو شیوراج سنگھ حکومت نے بجٹ جاری نہیں کیا ہے۔

ٹیگس