فجی نے ہندوستانی وزیر اعظم کو ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا
فجی نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز کمپینین آف دی آرڈر آف فجی (سی ایف) سے نوازا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق پاپوا نیو گنی کے دارالحکومت پورٹ مورِسبی میں تیسرے فورم برائے ہند-بحرالکاہل جزائر تعاون (ایف آئی پی آئی سی) کی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہندوستان اور فجی کے وزرائے اعظم نے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس موقع پر فجی کے وزیر اعظم سیتیوینی رَبوکا کے ہاتھوں سے ایوارڈ قبول کرنے کے بعد ہندوستانی وزیر اعظم مودی نے اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا، "میں فجی کے لوگوں اور حکومت کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے کَمپینین آف آرڈر آف فجی سے نوازا۔ نریندر مودی نے اپنے ایوارڈ کو ہندوستان کے لوگوں کے لیے اعزاز اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے اعتراف کی علامت قرار دیا۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ارِندم باغچی نے ٹویٹ کیا، "بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے قریبی دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔" اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے قریبی اور کثیر جہتی دوطرفہ شراکت داری کا جائزہ لیا اور اہم شعبوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔