Jun ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • بپر جوائے کا خوف، ہندوستان اور پاکستان کے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ

ہندوستان اور پاکستان میں بپر جوائے سمندری طوفان بہت تیزی کے ساتھ ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ بپر جوائے سمندری طوفان جمعرات کی شام چھے سے آٹھ بجے کے درمیان کچھ کے ساحل سے ٹکرائے گا ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہواؤں کی رفتار تیز ہوگئی ہے اور طوفان ایک سو پینتیس سے ایک سو پچاس کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ کے ساحل پر سمندری لہریں اونچی ہوگئی ہیں ۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جونا گڑھ میں سمندر کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور ممبئی کے ساحلوں پر بھی طوفانی ہوائوں اور سمندری لہروں میں تیزی آ گئی ہے۔ بپر جوائے سمندری طوفان کی وجہ سے ہندوستان کے ساحلی شہروں کی طرف جانے اور وہاں سے آنے والی ریل گاڑیوں کا شیڈول درہم برہم ہوگیا اور سوسے زائد ریل گاڑیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔

ادھر پاکستان کے صنعتی شہر کراچی میں بپر جوائے سمندری طوفان کے زیر اثر ہوائیں اور بارشیں تیز ہوگئی ہیں ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کراچـی کے مختلف علاقوں میں تیز بارشیں ہو رہی ہیں اور شہر کے مشرق سے لے کر ساحلی پٹی تک گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے سندھ اور بلوچستان صوبوں کے ان ساحلی علاقوں سے جو طوفان کی زد پر ہیں، ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ٹیگس