Jun ۱۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • یونانی سمندر کی نذر ہو جانے والی کشتی میں دسیوں پاکستانی شہریوں کی موت یا لاپتہ ہونے ہونے کا خدشہ

یونانی سمندر کی نذر ہو جانے والی تارکین وطن کی ایک کشتی میں دسیوں پاکستانی شہریوں کی اموات یا انکے لاپتہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: غیر ملکی میڈیا کے مطابق دو روز قبل یونان کے علاقے پیلوپونیس کے قریب تارکین وطن سے بھری کشتی الٹ گئی تھی جس میں بتایا رہا ہے کہ مختلف ممالک کے کم از کم سات سو پچاس غیر ملکی تارکین وطن موجود تھے جو ایک بہتر زندگی کے خواب کے ساتھ یورپ کی سرحدوں میں داخل ہونا چاہتے تھے۔

یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں بارہ پاکستانی زندہ بچ جانے والے ایک سو چار افراد میں شامل ہیں۔ بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق یا لاپتا ہونے والوں میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کے شامل ہونے کا خدشہ ہے۔

ایک پاکستانی نژاد برطانوی صحافی راجا فریاد خان نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ خدشہ ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ان کے گاؤں کے سولہ افراد اس حادثے کا شکار ہونے والی کشتی پر سوارتھے۔ پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب تک اکتالیس پاکستانی شہریوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

کشتی پر سوار افراد کی صحیح تعداد کا تاحال پتا نہیں لگایا جاسکا تاہم یونانی حکام نے غیر مصدقہ اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشتی پر سوار افراد کی کل تعداد ساڑھے سات سو کے قریب ہو سکتی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک شخص نے بتایا ہے کہ کشتی میں اُس نے لگ بھگ سو بچوں کو دیکھا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارۂ انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق کشتی میں سوار اب تک تقریبا پانچ سو افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

ٹیگس