ہندوستان: اترا کھنڈ میں بھیانک سڑک حادثہ، دو فوجیوں سمیت 10 افراد ہلاک
ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں جمعرات کو ایک بھیانک حادثہ ہوگیا جس میں مندر جانے والے 10 عقیدت مند مارے گئے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اتراکھنڈ کے پتھورا گڑھ ضلع کے ناچنی تھانہ علاقے میں جمعرات کو مندر جانے والے عقیدت مندوں سے بھری گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ اس بھیانک حادثے میں 10 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ ہلاک شدگان میں دو فوجی بھی بتائے جارہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں دو افراد بُری طرح زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یاتریوں سے بھری گاڑی تقریباً 600 میٹر گہری کھائی میں گری ہے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیم جائے حادثہ کے لئے روانہ ہوگئی۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ بھیانک حادثہ جمعرات کی صبح تقریباً 7.30 بجے اُس وقت پیش آیا جب باگیشور ضلع کے چھوٹے سے شاما گاؤں کے یاتری ہوکرا میں واقع کوکیلا دیوی مندر جا رہے تھے۔ مرنے والے سبھی افراد باگیشور کے رہنے والے تھے۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کھائی میں گاڑی گرجانے کے بعد آس پاس کے لوگ جائے وقوعہ کے پاس جمع ہوگئے اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات میں یہاں موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے سڑکیں خراب اور کیچڑ سے ڈھک گئیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ موسلادھار بارش کے سبب بہت کم سڑکیں گاڑی چلانے کے قابل رہ گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سڑک پر گڈھوں سے بچنے کے لئے گاڑی کے ڈرائیور گاڑی کو زیادہ نیچے کی طرف لے گیا جس کی وجہ سے یہ دردناک حادثہ ہوا۔