ملک کی موجودہ سیاست بورنگ ہے: ہندوستانی وزیر اعظم
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی سیاست کو بورنگ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اقتدار میں رہتے ہوئے جیت یا ہار انکے لئے معنیٰ نہیں رکھتی۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے وزراء کونسل کی میٹنگ میں موجودہ سیاست کے بس انتخابات پر مرکوز ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک کو دوسرے پائیدان پر رکھنے والی اس سیاست کے لیے وہ فٹ نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ الیکشن ہارنے یا جیتنے کے لیے سیاست میں نہیں آئے اور انکی نظر میں سیاست کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔
تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں ہندوستانی وزیر اعظم مودی کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاست انہیں بور کر رہی ہے کیوں کہ ملک کی سیاست صرف الیکشن جیتنے یا ہارنے تک ہی مرکوز رہی ہے اور پالیسیاں اور پروگرام انتخابات کو سامنے رکھ کر بنائے جاتے ہیں، موجودہ سیاست کی ترجیحات میں ملک بہت پیچھے ہے، میں اس سیاست میں راحت محسوس نہیں کرتا۔
نریندر مودی کا کہنا کہ سال 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے کا ہدف انتخابی نعرہ نہیں ہے، ملک 25 سالوں میں کیسے ترقی یافتہ ہوگا، اس کی تیاری شروع کرنی ہوگی۔
ہندوستانی وزیر اعظم کا مذکورہ بیان ملک کی اپوزیشن جماعتوں کے نظریے کے خلاف ہے جس میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی مرکزی حکمراں پارٹی بی جے پی ہر قیمت پر اقتدار میں بنے رہنے کی جی توڑ کوشش کرتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے وہ کبھی غیر جمہوری ہتھکنڈے اپنانے سے بھی نہیں کتراتی۔