منی پور میں پھر تشدد، کئی مکانات اور اسکول نذر آتش
منی پور میں تقریباً 3 ماہ سے جاری تشدد کی آگ مسلسل بھڑک رہی ہے۔ تازہ ترین تشدد بشنو پور ضلع کے تروبنگ گرام پنچایت میں پیش آیا۔ جہاں ہفتے کی شام دیر گئے دو گروہوں کے درمیان فائرنگ ہوئی اور گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران خواتین نے سڑک بلاک کرکے ٹائر جلائے
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کوکی برادری کے 100 سے زائد افراد نے میتئی برادری سے تعلق رکھنے والے کچھ مکانات اور ایک اسکول کو نذر آتش کر دیا۔
سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ کمبی کے بی جے پی ایم ایل اے سناسم پریم چندر سنگھ نے کہا کہ یہ سبھی چورا چاند پور ضلع سے آئے تھے اور اچانک حملہ کیا۔
خیال رہے کہ منی پور میں 3 مئی سے جاری تشدد میں اب تک 150 سے زیادہ لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
حال ہی میں کوکی برادری سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کی سڑک پر برہنہ پریڈ کرانے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس نے پورے ملک میں ہلچل مچا دی تھی۔
خواتین کو برہنہ گھمانے اور گینگ ریپ کرنے کے معاملے میں پولیس اب تک 6 ملزمان کو گرفتار کرچکی ہے۔