Jul ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۴:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: لینڈ سلائیڈنگ سے 27 اموات،81 افراد لاپتہ

ہفتے کو ملبے میں پھنسی مزید چھ لاشیں برآمد ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی۔ ریسکیو آپریشن حکام کا کہنا ہے کہ 81 افراد کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے۔

 سحر نیوز/ ہندوستان: 20 جولائی جمعرات کو مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع کے ارشال واڑی گاؤں میں مٹی کے تودے گرنے کے واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح سے تلاش اور بچاؤ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کے ایک اہلکار کے مطابق تلاش اور بچاؤ آپریشن دوبارہ شروع ہونے کے بعد اب تک کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی ہے۔

ٹائمز ناؤ کی ایک رپورٹ کے مطابق مٹی کے تودے گرنے سے متاثرہ علاقے میں لاشوں سے بدبو پھیل گئی ہے، جس کے بعد ارشال واڑی اور نانیولی گاؤں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

ریلیف اور بحالی محکمہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گاؤں کی آبادی 229 تھی اور فی الحال 98 افراد کو عارضی کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اہلکار نے یہ بھی کہا کہ جاری بچاؤ اور تلاشی آپریشن کے بارے میں پیر کو فیصلہ لیا جانے کا امکان ہے۔ این ڈی آر ایف کے ڈپٹی کمانڈنٹ دیپک تیواری نے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے حکام کو بچاؤ آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ضلع انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ملبے تلے دبی لاشیں سڑنی شروع ہو گئی ہیں اور اب وہاں کسی کے زندہ ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ٹیگس