Sep ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۵۵ Asia/Tehran
  • عوام نے مودی حکومت کی وداعی کا راستہ بنانا شروع کر دیا ہے: کھڑگے

کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ مودی جی سچائی پر پردہ ڈالنے کی پرزور کوشش کر رہے ہیں، لیکن عوام مودی حکومت کے دھیان بھٹکانے والے ایشوز کی جگہ سچ سننا اور دیکھنا چاہتی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے ایشو پر مودی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔
کانگریس صدر نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھے اپنے پوسٹ میں کہا کہ پی ایم مودی سچائی پر پردہ ڈالنے کی پرزور کوشش کر رہے ہیں، لیکن عوام مودی حکومت کے دھیان بھٹکانے والے ایشوز کی جگہ سچ سننا اور دیکھنا چاہتی ہے۔
کھڑگے نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’اب جب جی-20 کی میٹنگ ختم ہوگئی ہے، مودی حکومت کو گھریلو ایشوز پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اگست میں ایک عام کھانے کی تھالی کی قیمت 24 فیصد بڑھ گئی ہے۔ ملک میں بے روزگاری شرح 8 فیصد ہے۔ نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہے۔
کانگریس کے صدر نے بدعنوانی کو لے کر بھی مودی حکومت پر حملہ کیا۔ انھوں نے لکھا کہ مودی حکومت کی بدتر حکمرانی میں بدعنوانی کا سیلاب آ گیا ہے، سی اے جی نے کئی رپورٹس میں بی جے پی کی قلعی کھولی ہے۔ جموں و کشمیر میں 13 ہزار کروڑ کا ’جل جیون گھوٹالہ‘ سامنے آیا ہے جس میں ایک دلت آئی اے ایس افسر کو اس لیے ظلم کا شکار بنایا گیا کیونکہ انھوں نے بدعنوانی کو ظاہر کر دیا۔

ٹیگس