ایشیا کپ فائنل میچ: سراج کی آندھی نے لنکا ڈھائی، سری لنکا کی ٹیم 50 رن پر آؤٹ، ہندوستان کے 32 رن
آج ایشیا کپ 2023 کا فائنل میچ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے جس میں سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اس کے بلے بازوں کے لئے ہندوستانی گیندباز محمد سراج کی طوفانی گیندبازی میں رن بنانا تو دور پچ پر ٹکنا بھی مشکل ہوگیا اور محض 12 رن کے اسکور پر سری لنکا کے چھ کھلاڑی واپس پویلین لوٹ گئے۔
سحر نیوز/ کھیل کود: سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پریم داس اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ 2023 کرکٹ ٹورنا منٹ کا فائنل میچ بارش کی وجہ سے کچھ تاخیر سے شروع ہوا۔ کھیل شروع ہوا تو سری لنکا کے بلے بازوں کے لئے ہندوستانی گیند باز محمد سراج نے طوفان برپا کردیا۔
محمد سراج نے ایک اوور میں 4 رن دے کر 4 وکٹ لئے اور سری لنکا کے بلے باز زبردست دباؤ میں آ گئے۔ بہرحال، 12 رن پر جب 6 وکٹ گر گئے تو ایسا لگ رہا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم شاید مزید 12 رن بھی مشکل سے بنا پائے گی لیکن سری لنکا کے کھلاڑی سنبھل کر کھیلے اور کسی طرح پوری ٹیم 15 اعشاریہ دو اوور میں 50 رن ہی بنا سکی۔
اب ہندوستان کو فائنل میچ جیتنے کے لئے 51 رن بنانے ہیں اور ایسا نہیں لگتا کہ ہندوستان کو یہ میچ جیتنے میں کوئی مشکل پیش آئے گی لیکن "کرکٹ بائی چانس" ہے لہذا کب کس کی قسمت پلٹی کھا لے، پتہ نہیں۔
خبر لکھے جانے تک ہندوستان نے 3 اوور میں 32 رن بنا لئے تھے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔