منی پور میں کشیدگی، سیکیورٹی سخت،انٹرنیٹ سروس بند
ہندوستان کی ریاست منی پور میں دوبارہ کشیدگی بڑھ جانے اور احتجاجی مظاہروں کے بعد سیکورٹی بڑھادی گئی اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ منی پور میں احتجاجی مظاہروں میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کے بعد سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہےاورانٹرنیٹ سروس دوبارہ بند کردی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ منی پور میں تقریبا پانچ مہینے تک انٹر نیٹ سروس بند رہنے کے بعد گزشتہ ہفتے بحال کی گئی تھی ۔
ہندوستان کی ریاست منی پور میں نسلی اور فرقہ وارانہ فسادات کے دوران دو طلبہ کی ہلاکت کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد احتجاجی مظاہروں میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے اور کشیدگی بڑھنے کے بعد سیکورٹی بڑھانے کے ساتھ ہی انٹرنیٹ سروس بھی دوبارہ بند کردی گئی ہے۔
سوشل میڈیا میں ایک سترہ سالہ طالبہ اور بیس سالہ طالب علم کی لاشوں کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد سیکڑوں مشتعل افرد نے گزشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران پولیس نے طاقت کا استعمال کیا تھا ۔
یاد رہے کہ ہندوستان میں اپوزیشن جماعتیں بی جے پی حکومت کو منی پور میں حالات پر قابو پانے میں ناکام قرار دیتی ہیں ۔