Sep ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ڈینگی میں تیزی سے اضافہ، الرٹ جاری

ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں ڈینگی کے معاملے تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ مغربی بنگال کی حالت سب سے زیادہ خراب ہے جہاں 20 ستمبر تک 38 ہزار سے زیادہ لوگوں میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال اور دہلی این سی آر کے علاوہ اتراکھنڈ اور بہار میں بھی ڈینگی کے معاملے لگا تار بڑھ رہے ہیں۔

دہلی-این سی آر کے اسپتالوں سے مل رہی رپورٹوں کے مطابق او پی ڈی میں روزانہ تقریباً 60 فیصد لوگوں میں ڈینگی کی تشخیص ہو رہی ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے ملک بھر میں ڈینگی کے معاملوں میں حالیہ اضافہ کے مدنظر اعلیٰ سطحی میٹنگ کی ۔ اس میں سبھی لوگوں کو ڈینگی سے متعلق احتیاط برتنے اور اس کے دفاع کے طریقے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ملک میں ڈینگی کے معاملوں کی بڑھتی تعداد سے پیدا چیلنجز اور پیچیدگیوں کو لے کر سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں سے مرض کے روک تھام کو لے کر احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں ڈینگی کے معاملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 5 اگست تک ڈینگی کے معاملوں کی تعداد 348 تھی، لیکن 22 ستمبر تک یہ تعداد بڑھ کر 3013 ہو گئی۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں ڈینگی اورملیریا سے ہر سال ہزاروں لوگوں کی موت ہو جاتی ہے ۔

ٹیگس