ہندوستانی عوام کو لگا بڑا جھٹکا
اکتوبر کے آغاز کے ساتھ ہی تیل کمپنیوں نے صارفین کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان : ہندوستانی میڈیا کے مطابق آج سے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں 209 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی شرحیں آج یعنی یکم اکتوبر 2023 سے لاگو ہو گئی ہیں۔ اس اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی میں 19 کلو کا ایل پی جی سلنڈر 1731.50 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے سے ہوٹلوں اور ریستورانوں میں کھانا پینا مہنگا ہوسکتا ہے کیونکہ وہاں صرف کمرشل گیس سلنڈر ہی استعمال کیے جاتے ہیں۔
غور طلب ہے کہ صرف ایک ماہ قبل حکومت نے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی بھاری کمی کی تھی۔ اس کے بعد یکم اکتوبر کو گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
ستمبر 2023 میں تیل کمپنیوں نے گھریلو اور کمرشل گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں بڑی کٹوتی کی تھی۔ گزشتہ ماہ 19 کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت 158 روپے کم کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد دارالحکومت دہلی میں اس کی قیمت 1522 روپے تک پہنچ گئی تھی۔