Oct ۰۲, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۶ Asia/Tehran

ہندوستان میں پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کے پیسوں میں ڈنڈی مارنے سے تنگ 92 سالہ دادی نے گنتی اور حساب کتاب سیکھنے کے لیے اسکول میں داخلہ لے لیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے علاقے ’’بلند شہر‘‘ میں 92 سالہ دادی نے اسکول میں داخلہ لے لیا۔ 1930 میں پیدا ہونے والی سلیمہ خان کبھی اسکول نہیں گئی تھیں۔
سلیمہ خان کا کہنا ہے کہ جب وہ اپنے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں سے کوئی چیز منگواتی تھی تو شرارتی بچے بقایا پیسوں میں ڈنڈی مارتے تھے۔  سلیمہ خان کے کہنے کے مطابق وہ گنتی کرنے اور حساب کتاب میں اتنی اچھی نہیں تھی۔ اس ہی لئے انہوں نے فیصلہ کر رکھا کہ حساب و کتاب سیکھنے کے لئے اسکول میں داخلہ لے لیں۔
اب وہ اپنے سے 80 سال چھوٹے بچوں کے ہمراہ تعلیم حاصل کرتی ہیں جس میں انہیں کوئی شرمندگی نہیں۔ سلیمہ خان نے اس بزرگی میں تعلیم حاصل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے اس لیے اسکول میں داخلہ لیا کہ میرے پوتے مجھ سے پیسے لیتے ہیں اور اس دوران خوب ہیرا پھیری کرتے ہیں۔
عمر رسیدہ دادی نے کہا کہ جب سے میں نے ایک سے 100تک گنتی سیکھی ہے اب میں پیسے گننے میں دھوکہ نہیں کھا سکتی۔
انھوں نے بتایا کہ اب مجھے کچھ نہ کچھ حساب کتاب کرنا آگیا ہے لہٰذا اب میں اپنے پیسے کا درست استعمال کرتی ہوں۔

ٹیگس