ورلڈ کپ کرکٹ میں آج آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے
ہندوستان کے شہر لکھنو میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 312 رنز کا ہدف دیا ہے۔
اوپنر کوئنٹن ڈی کک نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایڈم مارکرم 56 اور کپتان ٹمبا باووما 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ہینرخ کلاسن 29، رسی وینڈرڈوسن اور مارکو جینسن نے 26، 26 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور گلین میکسویل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقی بیٹرز نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 108 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جس کے بعد آسٹریلیا 19.4 اوورز میں پہلی وکٹ لینے میں کامیاب ہوا۔
آسٹریلوی اسپن بولر گلین میکس ویل نے جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کو 35 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 158 رنز پر 28.3 اوورز میں گری جب رسی وینڈر ڈوسن 26 رنز بنا کر ایڈم زیمپا کا شکار بنے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران انہوں نے 90 گیندوں پر 5 چکھے اور 8 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔
دونوں ٹیموں کا اس ورلڈ کپ میں یہ دوسرا میچ ہے۔ آسٹریلیا کو پہلے میچ میں شکست ہوئی تھی جبکہ جنوبی افریقا نے اپنا پہلا میچ جیتا تھا۔