اسرائیل نسل کُشی کر رہا ہے، محبوبہ مفتی
ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے غزہ پر غاصب اسرائیل کی جارحیت کے بارے میں کہا ہے کہ اسرائیل نسل کُشی کر رہا ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے اسرائیل فلسطین جنگ کے بارے میں غاصب اسرائیل کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نسل کُشی کر رہا ہے اور یہ کہ فلسطین کی مدد کے لئے اسلامی ممالک آگے آئیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی نے کہا کہ "اسرائیل چھوٹے چھوٹے بچوں کو مار رہا ہے جسے نسل کُشی کہا جاتا ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے اور لگاتار فلسطینیوں کی زمین کا دائرہ کم ہوتا جا رہا ہے لیکن اسرائیل ان کی زمین واپس کرنے کے بجائے فلسطین میں قتل عام کر رہا ہے۔
محبوبہ مقتی نے کہا کہ اسلامی ممالک کو فلسطین کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے کیونکہ اس وقت ان کا کھانا پینا بند ہے۔ انہوں نے امریکہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ایک سپر امریکہ ہے جو تماشا دیکھ رہا ہے۔