کینیڈا کے سفارتکاروں کی ہندوستان کے امور میں مداخلت: ایس جے شنکر کا انکشاف
ہندوستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کینیڈا کے سفارت کاروں کی تعداد میں مساوات کے حقوق کا استعمال اس لئے کرنا پڑا کیونکہ وہ ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مسلسل مداخلت کر رہے تھے، جس کی تفصیلات آنے والے وقت میں معلوم ہوں گی۔
سحر نیوز/ ہندوستان :ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کو ایک پروگرام میں یہ امید ظاہر کی کہ کینیڈا میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے سفارت کاروں کی سیکورٹی کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا اور ویزا سروس بھی جلد بحال کر دی جائے گی۔
اس پروگرام میں ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کےجواب میں ایس جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان صورتحال اس وقت کافی پیچیدہ ہے۔ مسئلہ کینیڈا میں ایک مخصوص سیاسی طبقے کی وجہ سے ہے۔ ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ اس وقت لوگوں کی سب سے بڑی پریشانی ویزا سروس ہے۔ چند ہفتے قبل ہمیں اس سروس کو بند کرنا پڑا کیونکہ اب ہمارے سفارت کاروں کے لیے ویزا جاری کرنا محفوظ نہیں رہا۔ ان کی حفاظت ہماری سب سے بڑی تشویش ہے۔