Oct ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ایک اور مسلم نوجوان ہجومی تشدد کا شکار، پیٹ پیٹ کر ارشاد محمد کا قتل

ہندوستان کی شمالی ریاست اترپردیش میں ایک اور مسلم نوجوان کو ہجومی تشدد میں قتل کردیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ریاست اترپردیش کے ضلع ہاپوڑ کے ایک گاؤں میں معمولی حادثے پر ایک 25 سالہ مسلم نوجوان ارشاد محمد کو مشتعل ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا ہے۔ قتل کی خبر پھیلتے ہی گاؤں میں کشیدگی کا ماحول ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مقتول ارشاد محمد کی موٹر سائیکل منگل کی رات دیر گئے گاؤں لوہاری میں ہندوؤں کے تہوار دسہرہ کی تقریبات میں شریک ایک شخص سے ٹکرا گئی تھی۔ اسی معمولی بات  پر جھگڑا ہوگیا جس نے جلد ہی تشدد کا رنگ اختیار کرلیا اور لوگوں کے ایک گروپ نے ارشاد محمد کو پیٹنا شروع کر دیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ارشاد محمد پر پتھر سے حملہ کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ارشاد محمد کو مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ جیسے ہی ارشاد کی موت کی خبر گاؤں میں پہنچی، اس کے اہل خانہ اور مقامی لوگ وہاں پہنچ گئے اور دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر حملہ کیا۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں لوہاری میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

بہادر گڑھ پولیس موقع پر پہنچی اور بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ ہاپوڑ کے پولیس سپرنٹینڈینٹ ابھیشیک ورما نے بتایا کہ "ہم نے ارشاد کی پٹائی کرنے والے پانچ افراد کی شناخت کر لی ہے اور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ گاؤں میں کشیدگی کی وجہ سے پولیس کو تعینات کردیا گيا ہے۔

 

ٹیگس