ہندوستان: راجستھان میں اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹنگ ختم، 68 فی صد سے زیادہ رائے دہندگان نے حصہ لیا
ہندوستان کی ریاست راجستھان میں آج ریاستی اسمبلی کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔ ووٹنگ کا عمل شام 6 بجے تک جاری رہا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: راجستھان میں آج ریاستی اسمبلی کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔ ووٹنگ کا سلسلہ صبح 7 بجے شروع ہوا اور شام 6 بجے تک جاری رہا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق شام 5 بجے تک 68 اعشاریہ 24 فی صد ووٹنگ ہوئی۔
راجستھان کی ریاستی اسمبلی کی کل 200 نشستیں ہیں لیکن ووٹنگ 199 نشستوں پر ہوئی ہے۔ ایک امیدوار کی موت ہونے کی وجہ سے ایک حلقے میں الیکشن ملتوی ہوگیا۔ 199 سیٹوں کے لئے کل 1862 امیدوار میدان میں تھے جن کی قسمت ووٹنگ مشین میں بند ہوگئی۔ راجستھان میں رائے دہندگان کی تعداد 5 کروڑ 25 لاکھ ہے۔ اکا دکا واقعات کے علاوہ انتخابات پرامن رہے۔
راجستھان میں اس وقت کانگریس پارٹی کی حکومت ہے اور اشوک گہلوت ریاست کے وزیر اعلی ہیں۔ موجودہ اسمبلی میں کانگریس کے 108 اراکین ہیں اور 70 اراکین بی جے پی کے ہیں۔ راجستھان کے بارے میں مشہور ہے کہ ریاست میں حکمراں جماعت لگاتار دوسری بار انتخابات نہیں جیت پاتی ہے لہذا زیادہ تر لوگوں کے ذہنوں میں یہی سوال ہے کہ کیا راجستھان میں روایت بنی رہے گی یا کانگریس پارٹی روایت توڑ کر دوبارہ حکومت بنائے گی؟
واضح رہے کہ ہندوستان کی 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا عمل جاری ہے جن میں اب 4 ریاستوں راجستھان، میزورم، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں ووٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور صرف ایک ریاست تلنگانہ میں ووٹنگ باقی ہے جہاں 30 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی پانچوں ریاستوں میں 3 دسمبر کو ایک ساتھ ہوگی۔ انتخابات والی 5 ریاستوں میں 2 ریاستوں راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس پارٹی کی حکومت ہے جبکہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی، تلنگانہ میں بھارت راشٹریہ سمیتی (بی آر ایس) اور میزورم میں علاقائی پارٹی میزو نیشنل فرنٹ کی حکومت ہے۔