ہندوستان: وشنو دیو سائے چھتیس گڑھ کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے
ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ کے نئے وزیر اعلیٰ کے لئے وشنو دیو سائے کو منتخب کرلیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی 5 ریاستوں میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے تین ریاستوں میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی تینوں ریاستوں میں وزیر اعلیٰ کا تعین نہیں ہوسکا۔ آج اتوار کو بالآخر چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ کے لئے وشنو دیو سائے کو چن لیا گیا۔
ریاست کے دارالحکومت رائے پور سے موصولہ میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج بی جے پی کے نو منتخب 54 اراکین اسمبلی کی اہم میٹنگ ہوئی جس میں وشنو دیو سائے کے نام کو ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ کے لئے منظوری دے دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق ریاست میں دو نائب وزرائے اعلیٰ بھی ہوں گے۔ ارون ساو اور وجے شرما چھتیس گڑھ کے نئے نائب وزیر اعلیٰ کا قلمدان سنبھالیں گے۔
اطلاعات کے مطابق وشنو دیو سائے نے چھتیس گڑھ کے گورنر سے ملاقات کرکے ریاست میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کردیا ہے۔
واضح رہے کہ چھتیس گڑھ میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات میں ریاستی اسمبلی کی 90 نشستوں میں سے 54 نشستیں جیتی ہیں اور سنہ 2018 میں 68 سیٹیں حاصل کرنے والی کانگریس پارٹی کو 35 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔