Jan ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی، کانگریس پارٹی میں ضم ہوگئی

ہندوستان میں وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی جمعرات کو کانگریس پارٹی میں ضم ہوگئی ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی بانی صدر وائی ایس شرمیلا نے جمعرات کو کانگریس ہیڈکوارٹر میں اپنے شوہر کے ہمراہ، اپنی پارٹی کو کانگریس پارٹی میں ضم کرنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور دیگر سینیئر کانگریسی رہنما بھی موجود تھے۔

وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی بانی صدر محترمہ شرمیلا نے کانگریس پارٹی میں اپنی پارٹی کے انضمام کے بعد اپنے مختصر خطاب میں خوشی کا اظہار کیا ۔ انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ راہل گاندھی کو ملک کا وزیراعظم ہونا چاہئے اور اسی مقصد کے لئے انھوں نے اپنی جماعت کو کانگریس پارٹی میں ضم کیا ہے۔

مسزوائی ایس شرمیلا نے کانگریس میں شمولیت سے پہلے، کانگریس صدر ملک ارجن کھڑے، پارٹی کی لیڈر محترمہ سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور دیگر کانگریسی رہنماؤں سے ملاقات کی تھی ۔

سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ کانگریس پارٹی کی طرف سے مسز وائی ایس شرمیلا کو آندھرا پردیش ميں اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔

ٹیگس