Jan ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بِہار میں نیتیش کی بَہار، استعفیٰ دیا لیکن عہدہ برقرار

ہندوستان کی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نیتیش کمار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیتیش کمار آج شام کو پھر وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے اور بی جے پی کے دو نائب وزرائے اعلیٰ بھی اس بار نیتیش کمار کی حکومت میں شامل رہیں گے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: پٹنہ سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی مشرقی ریاست بہار میں آج وزیر اعلیٰ نیتیش کمار نے ریاست کے گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ ان کے آج مستعفی ہونے کی خبریں دو تین دن سے گردش کر رہی تھیں جو اب حقیقت بن گئیں۔

اطلاعات کے مطابق بہار میں نیتیش کمار کی قیادت میں بننے والی این ڈی اے کی نئی حکومت میں بی جے پی کے کوٹے سے دو نائب وزرائے اعلیٰ بھی بنائے جائيں گے۔ نیتیش کمار آج شام کو 9 ویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ اب سے پہلے وہ پالا بدل بدل کر 8 بار وزیر اعلیٰ کے عہدے پر براجمان ہو چکے ہیں۔  

پٹنہ میں استعفیٰ دینے کے بعد نیتیش کمار نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "اتحاد میں معاملات ٹھیک نہیں چل رہے تھے۔ ہم انڈیا الائنس میں کام کر رہے تھے، باقی کام نہیں کر رہے تھے۔ اتحاد کی حالت اچھی نہیں تھی۔"

قابل ذکر ہے کہ نیتیش کمار نے اب سے پہلے اگست 2022 میں این ڈی اے کو خیرباد کہتے ہوئے عظیم اتحاد میں شامل ہو کر حکومت بنائی تھی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق نیتیش کمار آج شام کو 5 بجے پھر وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ نیتیش کمار آج پھر عظیم اتحاد یا گرینڈ الائنس چھوڑ کر اپنے پرانے اتحاد این ڈی اے میں شامل ہوگئے جس کی قیادت بی جے پی کر رہی ہے۔

ٹیگس