Feb ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • کانگریس پارٹی کو مالی طور پر کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے: جے رام رمیش

ہندوستان کی کانگریس پارٹی نے اپنے بینک اکاؤنٹ منجمد کئے جانے کے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے پوری صورتحال کا ذمہ دار مرکز کی بی جے پی حکومت کو قراردیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے جمع کیے گئے ہماری پینسٹھ کروڑ سےزائد روپے ضبط کر لیے گئے ہیں محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے انڈین نیشنل کانگریس کے متعدد کھاتوں کو منجمد کرنے کے معاملہ میں پارٹی نے مودی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔

دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے کہا کہ مودی حکومت نے معاشی دہشت گردی شروع کر دی ہے اور پارٹی کے کھاتوں پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

پریس کانفرنس میں کانگریس کے خزانچی اجے ماکن، پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش اور وینوگوپال موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں مودی حکومت کی طرف سے بقول ان کے کانگریس پارٹی پر 'ٹیکس دہشت گرد' حملے ہوئے ہیں۔ کانگریس پارٹی کو مالی طور پر کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ یہ کانگریس پارٹی کا معاشی طور پر قتل نہیں ہے بلکہ عوام کے سامنے جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ کانگریس پارٹی کے خزانچی اجے ماکن نے بھی بی جے پی کی حکومت پر معاشی دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اکاؤنٹ پر ڈاکہ ڈالاگيا ہے۔

ٹیگس