Feb ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: 25 لاکھ روپے کا قلم استعمال کرنے والے پی ایم مودی غریب ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں، سنجے راؤت

شیو سینا (یو بی ٹی) پارٹی کے رہنما سنجے راؤت نے کہا ہے کہ 25 لاکھ کا قلم اور 15 لاکھ روپے کا سوٹ استعمال کرنے والے پی ایم مودی غریب ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق شیو سینا (یو بی ٹی) پارٹی کے رہنما اور رکن پارلیمان سنجے راؤت کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم مودی 20 ہزار کروڑ روپے کے ہوائی جہاز میں سفر کرتے ہیں، ان کا ایک بھی دوست چائے بیچنے والا نہیں ہے بلکہ سبھی ارب پتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عام لوگوں کے درمیان جاتے ہوئے سادگی اپنائیں، مہنگی گھڑیوں اور کاروں کا استعمال نہ کریں۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جے پی نڈا کی بات کے جواب میں شیو سینا (یو بی ٹی) پارٹی کے لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ "پی ایم مودی اپنی جیب میں جو قلم رکھتے ہیں اس کی قیمت 25 لاکھ روپے ہے، ان کا سوٹ 15 لاکھ روپے کا ہے۔ مودی کا سب ٹھاٹ باٹ امیروں جیسا ہے۔ گزشتہ 70 سال میں ملک کے کسی بھی وزیر اعظم نے اس قدر امیری کے ٹھاٹ نہیں رکھے۔"

نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سنجے راؤت نے کہا کہ ’’بی جے پی کے لیڈروں کے ہاتھوں میں مہنگی گھڑیاں ہیں جب کہ 90 فی صد لیڈران و کارکنان لگژری گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں لیکن اب نہ صرف مہاراشٹر بلکہ پورے ملک کے لوگوں نے طے کر لیا ہے کہ ان کے مہنگے سوٹ اور مہنگی گھڑیاں اتارنی ہیں۔" انہوں نے کہا کہ "بی جے پی کے دور میں 7000 کروڑ کا انتخابی بانڈ اسکینڈل ہوا۔  پی ایم کیئر فنڈ میں بدعنوانی ہوئی، اس لیے جے پی نڈا مہاراشٹر میں آ کر گیان (علم) نہ بانٹیں۔"

دریں اثنا مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیوندر فڑنویس کے اس بیان پر کہ "کسی کا بھی باپ آ جائے، ممبئی مہاراشٹر سے الگ نہیں ہوگی" ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سنجے راؤت نے سوال کیا کہ "بی جے پی کو اپنے باپ کا پتہ ہے کیا؟ بی جے پی کے اب 10 باپ ہو گئے ہیں۔"

 

 

ٹیگس