Feb ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: تیز گیندباز محمد سمیع آئی پی ایل سے باہر، ٹی 20 عالمی کپ میں کھیلنا بھی غیر یقینی

ہندوستانی تیز گیندباز محمد سمیع ٹخنے میں لگی چوٹ کی وجہ سے’آئی پی ایل 2024‘ سے باہرہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے کرکٹ اسٹار اور تیز گیندباز محمد سمیع آئی پی ایل میں "گجرات ٹائٹنس" کا حصہ ہیں اور گزشتہ آئی پی ایل کے دو سیزنوں میں انھوں نے مجموعی طور پر 48 وکٹ لیے تھے۔ ان کی کمی گجرات ٹائٹنس کو شدت سے محسوس ہوگی۔

آئی پی ایل 2024 شروع ہونے میں اب زیادہ دن باقی نہیں رہ گئے ہیں لیکن اس سے پہلے ہی محمد سمیع آئی پی ایل سے باہر ہو گئے ہیں اور ساتھ ہی ٹی 20 عالمی کپ میں کھیلنا بھی اب ان کے لئے ممکن نظر نہیں آ رہا ہے۔ محمد سمیع کی غیر حاضری ’گجرات ٹائٹنس‘ کے لیے شدید جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ ان کی غیر حاضری کا اثر ٹیم کی کارکردگی پر پڑے گا۔

واضح رہے کہ محمد سمیع کے بائیں ٹخنے میں لگی چوٹ ٹھیک نہیں ہو رہی ہے اور اب انھیں آپریشن کرانا پڑے گا۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے بی سی سی آئی ذرائع سے بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے یہ خبر دی حالانکہ محمد سمیع کے تعلق سے گجرات ٹائٹنس نے فی الحال کوئی با ضابطہ بیان نہیں دیا ہے۔

قابل ذکرہے کہ 33 سالہ محمد سمیع انگلینڈ کے خلاف جاری پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ انھوں نے آخری بار ہندوستان کے لیے وَنڈے عالمی کپ 2023 کا فائنل میچ کھیلا تھا۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے فائنل میچ میں ان کے ٹخنے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ اس کے بعد سے ہی محمد سمیع علاج کرا رہے ہیں لیکن ابھی تک صحت مند نہیں ہو سکے ہیں۔

اس درمیان بی سی سی آئی ذرائع نے بتایا کہ محمد سمیع جنوری میں لندن گئے تھے جہاں انھوں نے ٹخنے کی چوٹ کے لیے اسپیشل انجکشن لگوایا تھا، اس کے باوجود ان کا درد کم نہیں ہوا اور اب ان کے پاس آپریشن کروانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ برطانیہ میں ان کا آپریشن ہوسکتا ہے۔

دریں اثنا آئی پی ایل 2024 کا شیڈول سامنے آ گیا ہے اور اس شیڈول کے مطابق پہلا میچ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

ٹیگس